امریکی وزارت خزانہ نے عراق کی چار شخصیتوں اورکمانڈروں خمیس فرحان الخنجر العیساوی، لیث الخزعلی، قیس الخزعلی اور حسن فلاح اللامی کو اپنی پابندیوں کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔
عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے امریکا کے اس اقدام کے ردعمل میں کہا ہے کہ ان عراقی شخصیتوں اور فوجی کمانڈروں نے داعش کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر سیاسی رول ادا کیا تھا- اس سے قبل بغداد کے باشندوں نے بھی ہفتے کو عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے تین کمانڈروں کا نام امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل کئے جانے کے اقدام کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرہ کیا تھا –
امریکی حکومت نے اس سے پہلے عراق کی تحریک النجبا اور اس کے سربراہ شیخ اکرم الکعبی پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔ عراق کی عوامی رضاکارفورس کے خلاف امریکا نے یہ پابندیاں ایک ایسے وقت لگائی ہیں جب عراقی پارلیمنٹ اور حکومت نے الحشد الشعبی کو ملک کی فوج کا حصہ تسلیم کرلیا ہے۔