میانمار میں احتجاجی مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے اب تک 10 افراد ہلاک
رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا گیا ہے کہ میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے فائرنگ کی، ربر کی گولیوں کے استعمال سے اب تک 10 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کی آنسو گیس شیلنگ سے متعدد مظاہرین زخمی ہوئے، کل سے جاری کریک ڈاؤن میں سیکڑوں مظاہرین گرفتار کر لیے گئے۔
میانمار میں جمہوریت بحالی کا مطالبہ کرنے والے لوگوں نے مختلف شہروں میں آج بھی احتجاج کیا، ینگون سمیت کئی شہروں میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی۔
اس موقع پر ربر کی گولیوں اور آنسوگیس کا استعمال کیا گیا، پولیس کی فائرنگ سے متعدد مظاہرین ہلاک اور بیشتر زخمی ہوگئے۔
پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن دوسرے روز بھی جاری رکھا، دو روز کے دوران سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا جاچکا ہے، میانمار میں یکم فروری کو فوج نے اقتدار پر قبضہ کر کے ملک میں ایک سال کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔