صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی تیل اور تیل کی مصنوعات کی برآمدات روکنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ دشمنوں کے دباؤ اور پابندیوں کے باوجود ایران کی اقتصادی صورت حال مثبت اور خوش آئند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کے دباؤ کے باوجود ملک کی برآمدات اور درآمدات کی شرح پچھلے نو ماہ کے دوران سات سو پچاس ملین ڈالر رہی جو مثبت ہے۔
انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی سے عبرت حاصل کریں اور خطے کے معاملات، خاص طور سے فلسطینی قوم کے امور میں مداخلت سے باز آجائیں۔
صدر ایران نے کہا کہ امریکیوں کو عراقی، شامی، لبنانی اور یمنی عوام کے درمیان کوئی مقبولیت حاصل نہیں ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکیوں کے اس دعوے کا ذکر کرتے ہوئے کہ انہوں نے دو ہزار تین میں عراق اور افغانستان کے عوام کو نجات دلائی ہے، کہا کہ اگر ایسا ہے پھر تو ٹرمپ نے عراق کا باضابطہ اور اعلانیہ دورہ کیوں نہیں کیا۔
صدر ایران نے رات کی تاریکی میں ٹرمپ کے خفیہ دورہ عراق کو خطے میں امریکہ کی شکست کی علامت قرار دیا۔