وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوج کی تعیناتی کی درخواست کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستے تعینات ہوں گے جس کے لیے سول انتظامیہ نے درخواست کی تھی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ پاک فوج کو آئین کے آرٹیکل دو سو پینتالیس کے تحت طلب کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر وزارت داخلہ نے دارالحکومت میں فوج بلانے کی منظوری دے دی ہے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے سب سے پہلے گزشتہ ہفتے کراچی میں ایک اجلاس کے بعد کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ سے درخواست کی تھی کہ فوجی دستوں کو مدد کے لیے بھیجنے کی منظوری دی جائے۔
دوسری جانب پاکستان می کے صوبہ سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں اس حوالے سے تصدیق کردی ہے۔ سعید غنی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے اس لئے میں اپنی ذمہ داریاں گھر پرآئسو لیشن میں رہ کر ادا کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 892 سے اوپر چلی گئی جبکہ 6 افراد کی موت ہو چکی ہے۔