یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں فوجی ٹھکانوں پر حملہ کر کے کئی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کر دیا۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقوں جیزان اور عسیر میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں المشرق اور جبل قیس اور عسیر کے علاقے علب، الربوعہ نیز مجازہ میں فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو خاصا جانی نقصان پہنچا۔
ادھر یمن کے صوبے الجوف میں الساقیہ اور الحزم میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائل حملے میں جارح سعودی اتحاد کے کئی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔