یورپی یونین نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف شفاف اور ٹھوس کارروائیاں کرے۔
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دئے گئے گروہوں کے خلاف شفاف اور ٹھوس کارروائی کرے۔
فیڈریکا موگرینی نے پاکستانی وزیرخارجہ سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ موگرینی نے پلواما حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر دونوں ملکوں سے کہا کہ وہ اپنے اختلافات بات چیت سے حل کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی گذشتہ تیرہ فروری کو ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے صدر مقام زاہدان کے قریب ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد حکومت پاکستان اور پاکستانی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے اندر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کو روکے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
تیرہ فروری کو ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہروں خاش اور زاہدان کے درمیان شاہراہ پر سپاہ پاسداران کی ایک بس پر خودکش کار بم دھماکے سے حملہ کیا گیا جس میں سپاہ پاسداران کے ستائیس جوان شہید اور تیرہ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔