ایشیاپاکستان

انقلاب اسلامی ایران نے اُمتِ مسلّمہ کو اتحاد و یکجہتی کی لڑی میں پرو دیا، قائد ملت علامہ ساجد نقوی

انقلاب اسلامی ایران نے اُمتِ مسلّمہ کو اتحاد و یکجہتی کی لڑی میں پرو دیا، قائد ملت علامہ ساجد نقوی
انقلاب اسلامی ایران کا سب سے بڑا درس یہی ہے کہ قرآن کی تعلیمات کا نفاذ، شریعت کی بالا دستی اورتفرقے اور انتشار کا خاتمہ ہو،قائد ملت جعفریہ
رہبر انقلاب امام خمینیؒ ورہبر انقلاب سید علی خامنہ ای نے مسلمانوں کو ان کے مشترکات پر جمع کرنے اور فروعات کو نظر انداز کرنے کا جو درس دیا وہ قابل تقلید ہے
راولپنڈی /اسلام آباد11 فروری 2019ء(جعفریہ پریس )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران جن اہداف کے لئے برپا کیا گیا وہ ایسے ہیں کہ جو پوری امت مسلمہ کو متحد و متفق کرتے ہیں انقلاب کے لئے جو طریقہ کار اختیارکیا گیا اس سے استفادہ کرکے دنیا کے دوسرے خطوں میں بھی اسی قسم کی کوششیں کی جا سکتی ہیں کیونکہ انقلاب کے لئے جو بنیادی شرط مدنظر رکھی گئی وہ اتحاد امت اور وحدت ملی ہے امت مسلمہ کے اندر ملی یکجہتی کو مضبوط بنانے جیسے مقصد کو سامنے رکھ کر جس ملک میں بھی کوشش کی جائے اور عوام کو اس مقصد سے آگاہ کیا جائے تو عوام کی طرف سے مثبت تعاون سامنے آئے گا۔ انقلاب اسلامی ایران کا بھی سب سے بڑا درس یہی ہے کہ قرآن کی تعلیمات کا نفاذ ہو، شریعت کی بالا دستی ہو، تفرقے اور انتشار کا خاتمہ ہو، اتحاد کی فضا ءقائم ہولہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں، تفرقہ بازی اور انتشار اور اس کے اسباب و عوامل کے خاتمے کی کوشش کریں۔ پاکستان میں بھی ایسے ہی عادلانہ نظام کی ضرورت ہے جس کے تحت تمام لوگوں کے حقوق کا تحفظ ہو، امن و امان کی فضاءپیدا ہو، عوام کوپرسکون زندگی نصیب ہو۔انقلاب اسلامی ایران کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ تاریخ انسانیت میں مختلف اقوام ، مختلف معاشروں، مختلف حالات اور مختلف انداز سے بعض شخصیات نے انقلاب برپا کئے۔ بیسویں صدی میں بھی دنیا کے مختلف خطوں میں اپنی اپنی نوعیت کے انقلابات رونما ہوئے۔ اسی صدی میں 11 فروری 1979 ءکے دن خطہ فارس (ایران) کی سرزمین پر بھی ایک انقلاب رونما ہوا جس نے عوام پر مسلط طویل بادشاہت اور اغیار کا قبضہ ختم کراکے ملک کو آزادی جیسی نعمت سے سرفراز کیا۔ اپنے اعلی اوروسیع اہداف کی وجہ سے یہ انقلاب ایک خطے اور ملک کا انقلاب نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے رہنماء انقلاب نظر آتا ہے جس کا تعلق کسی ایک ملک کے باشندوں سے نہیں بلکہ دنیا میں رہنے والے تمام انسانوں کے حقوق سے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انقلاب اسلامی ایران سے دنیا بھر کے انسان مستفید ہوئے اور اس انقلاب کے عالم اسلام میں بالخصوص اور دیگر اقوام و مذاہب میں بالعموم مثبت اور حریت پر مبنی اثرات مرتب ہوئے۔ہم کہہ سکتے ہیں کہ انقلاب اسلامی ایران انسانیت کے لئے آزادی اور حریت کا پیغام ہے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے قائد اور رہبر حضرت امام خمینی ؒ نے انقلاب برپا کرتے وقت اسلام کے زریں اصولوں اور پیغمبر اکرم کی سیرت و سنت کے درخشاں پہلوو ¿ں سے ہر مرحلے پر رہنمائی حاصل کی۔ جس طرح رحمت اللعالمین کے انقلاب کا سرچشمہ صرف غریب اور کمزور لوگ تھے اسی طرح امام خمینی ؒکے انقلاب کا سرچشمہ بھی مستضعفین ہی تھے۔یہی وجہ ہے کہ تمام سازشوں ، مظالم، زیادتیوں، محاصروں، پابندیوں اور دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود انقلاب اسلامی ایران کرہ ارض پر ایک طاقتور انقلاب کے طور پر جرات واستقامت کی بنیادیں فراہم کررہا ہے۔موجودہ رہبر انقلاب آج بھی امام خمینی کے اہداف کواسی انداز میں آگے بڑھارہے ہیں انقلاب محمدی کی طرح انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کا ایک ہی راز ہے کہ یہ محض عارضی اور مفاداتی انقلاب نہیں بلکہ شعوری انقلاب ہے۔ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ یہ انقلاب جذباتی نہیں بلکہ عالم اسلام اور انسانیت کا ترجمان انقلاب ہے۔جس کے لیے سینکڑوں علماء، مجتہدین، مجاہدین، اسکالرز، دانشور اور قائدین نے اپنے خون، اپنی فکر، اپنے قلم، اپنی صلاحیت، اپنے عمل ،اپنے سرمائے اور اپنے خاندان کی قربانیاں دے کر انقلاب اسلامی کی عمارت استوار کی۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے امت مسلمہ کو جس وحدت اور اخوت کی لڑی میں پرویا اس کی مثال گذشتہ کئی صدیوں میں نہیں ملتی۔ رہبر انقلاب امام خمینیؒ اور موجودہ رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مسلمانوں کو ان کے مشترکات پر جمع کرنے اور فروعات کو نظر انداز کرنے کا جو درس دیا وہ قابل تقلید ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button