ایرانمشرق وسطی

ایران کے خلاف امریکا کے ظالمانہ اقدامات کا ہر حال میں جواب دیا جائےگا، ایرانی نائب وزیرخارجہ

قانونی اور بین الاقوامی امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ نے این پی ٹی معاہدے کی کانفرنس کی ابتدائی کمیٹی کے ا جلاس میں کہا ہے کہ ایران اپنے خلاف امریکا کے غیر قانونی اقدامات کا ہر حال میں جواب دے گا۔

ایران کے نائب وزیرخارجہ غلام حسین دہقانی نے این پی ٹی معاہدے کی کانفرنس کی ابتدائی کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں جو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہوا کہا کہ ایران کے خلاف امریکا کے اقدامات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ امریکی انتظامیہ عالمی تعلقات میں صرف جنگل کے قانون کو ہی مانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پالیسیوں کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا اور تہران اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے مناسب اقدامات کرے گا۔

قانونی اور بین الاقوامی امور میں ایران کے نائب وزیرخارجہ نے این پی ٹی معاہدے کی ایران کی جانب سے مکمل حمایت اور تہران کے ذریعے اس پر بھرپور طریقے سے عمل درآمد کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ذریعے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی بڑے پیمانے پرجدید کاری کا پروگرام این پی ٹی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیار علاقے اور علاقے سے باہر کے خطوں کے امن و سیکورٹی کے لئے خطرہ ہیں کہا کہ اس غاصب اور جارح حکومت کو جو گستاخانہ انداز میں دیگرملکوں کو ایٹمی پروگرام تباہ کرنے کی دھمکیاں دیتی ہے، چاہئے کہ جلد سے جلد اور غیر مشروط طریقے سے این پی ٹی میں شامل ہو۔

روسی وزارت خارجہ میں ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے شعبے کے سربراہ راژکوف نے بھی اس اجلاس میں کہا ایٹمی معاہدے پر کامیاب عمل درآمد اور ایران کی جانب سے اس پر پوری طرح سے عمل درآمد سے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ معاہدے کو تقویت پہنچانے میں بہت زیادہ مدد مل رہی ہے۔ روسی عہدیدار نے کہا کہ آئی اے ای اے گذشتہ چاربرسوں سے مسلسل اپنی رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کررہی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل کیا ہے بنابریں اسلامی جمہوریہ ایران کی قدر کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایف معاہدے سے امریکا کے نکل جانے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائےگی۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button