پاکستان

ایران پرامریکی دباو امت مسلمہ کو دھمکیوں کے مترادف

جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور معروف اہلسنت شخصیت پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سعودی عرب اور ایران کو متحد ہو کر امت واحدہ کا تصور مضبوط کرنا چاہیئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی دباو دراصل امت مسلمہ کو دھمکیوں کے مترادف ہے، جو اسلامی ممالک کو کسی صورت برداشت نہیں کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ عالمی بدمعاش ہے جسے کسی بھی اسلامی ملک کی ترقی اور خود مختاری برداشت نہیں ہوتی۔ اس لئے مختلف بہانوں سے مسلم ممالک کیخلاف سازشیں کرتا رہتا ہے۔

پیراعجاز ہاشمی نے کہا کہ اگر دونوں بڑی اسلامی قوتیں سعودی عرب اور ایران خود تقسیم ہونے کے بجائے متحد ہو کر مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں اور امت واحدہ کے تصور کو مضبوط کریں، تو اسلامی وقار بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو ایک ہونا چاہیئے لیکن افسوس ہمیں سازش کے تحت اختلافات کا شکار کرکے منتشر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی، لسانی، ملکی، مسلکی اور جغرافیائی مفادات سے بالاتر ہو کر ایران اور سعودی عرب کو امت مسلمہ کی وحدت کیلئے کوشش کرنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران کو نقصان پہنچانے کیلئے بڑھکیں مارتا رہتا ہے اور اقتصادی پابندیاں لگاتا رہتا ہے مگر ہمیں امید ہے کہ وہ ماضی کی طرح اب بھی ناکام ہی ہوگا۔ امت مسلمہ کی خواہش ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ایران مل کر امریکی سازشوں کا مقابلہ کریں۔ اس میں دونوں کی عزت اور اسلام کی سربلندی کا راز پنہاں ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button