مشرق وسطییمن

سعودی اتحاد کے جرائم کے خلاف یمنی خواتین کا مظاہرہ

سعودی اتحاد کے جرائم کے خلاف یمنی خواتین کا مظاہرہہزاروں یمنی خواتین نے صنعا میں مظاہرہ کر کے صوبے حجہ میں سعودی اتحاد کے جرائم کی شدید مذمت کی ہے جن میں بڑی تعداد میں عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں۔

مغربی یمن کے صوبے حجہ میں واقع علاقے کشر پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں کم از کم تیس عام شہری شہید ہوئے ہیں۔

السمیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق یمنی خواتین نے بدھ کے روز اس مظاہرے میں سعودی اتحاد کے خلاف شدید نعرے لگائے اور یمن پر سعودی اتحاد کے حملوں اور جارحیت کی شدید مذمت کی۔

مظاہرے کے اختتام پر جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی عوام، قتل، محاصرے، بھوک مری اور ظلم و زیادتی سے کسی بھی طرح کا کوئی خوف کھائے بغیر اپنی استقامت جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت کی حمایت و پشتپناہی اور جنگ میں شمولیت کی روک تھام کے لئے امریکی سینیٹ کی قرارداد کی منظوری کو یمنی عوام کی استقامت کا نتیجہ قرار دیا۔

امریکی سینیٹ نے کہ جہاں ریپبلکنز کی اکثریت بھی ہے، بدھ کے روز چھیالیس ووٹوں کے مقابلے میں چوّن ووٹوں سے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں سعودی اتحاد کے لئے امریکہ کی حمایت ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی جنگ کی حمایت روکنے کے لئے امریکی سینیٹ کا فیصلہ، یمن کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جنگ و جارحیت کی حمایت میں امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسی پر اس کی مخالفت کی نشاندہی کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یمنی عوام نے سعودی اتحاد کی تمام تر جنگ و جارحیت اور ظلم و تشدد کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہر شعبے میں استقامت کا مظاہرہ کیا۔

یمن کے خلاف جنگ کے آغاز سے ہی امریکہ نے مختلف طرح سے خاص طور سے ہتھیاروں کی فراہمی کے ذریعے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ان کے دیگر اتحادی ملکوں کی بھرپور مدد و حمایت کی ہے اور یمنی عوام کا قتل عام اور جنگ و جارحیت جاری رکھنے کے لئے اس کی یہ حمایت بدستور جاری بھی رہی ہے جس کی بنا پر یمنی عوام کے خلاف وحشیانہ جرائم میں امریکہ بھی ملوث رہا ہے۔

واضح رہے کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت اور مظالم کے دوران اب تک سولہ ہزار سے زائد یمنی عام شہری شہید اور دسیوں ہزار دیگر زخمی نیز لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button