مشرق وسطییمن

سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے جوابی حملے

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں واقع نجران میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی سعودی عرب میں نجران کے علاقے الخضرا گذرگاہ کے قریب الطلعہ میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوابی حملوں میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب کے جیزان علاقے میں بھی سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر زلزال ایک قسم کے یمنی ساختہ تین بیلسٹک میزائل فائر کئے۔
جیزان کے علاقے جبل النار کے مشرق میں بھی سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں بھی سعودی اتحاد کو بھاری نقصان پہنچا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جوابی کارروائیوں میں سعودی عرب کی جنوبی سرحدوں میں یمنی فوج کی مکمل برتری کا بخوبی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن میں واقع صوبے الحدیدہ میں زبید نامی علاقے کی فضا میں پروازیں کیں۔
دریں اثنا یمنی ذرائع‏ ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ المہرہ کے الحوف کے ساحلی علاقے میں سعودی اتحاد کی جنگی کشتیاں بھی داخل ہوئیں جس پر المہرہ کے لوگوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔
صوبے المہرہ میں اپریل دو ہزار اٹھارہ سے سعودی اتحاد کی جارحیت اور اس صوبے میں سعودی عرب کی موجودگی کی مذمت میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
سعودی عرب نے امریکا اور متحدہ عرب امارات سمیت بعض دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے شروع کئے ہیں جن میں دسیوں ہزار بے گناہ شہری مارے گئے ہیں۔
چار سال سے زائد کا عرصہ گذرجانے کے بعد بھی سعودی عرب اپنی وحشیانہ جارحیت کا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button