ایشیاپاکستان

پاکستان بھر میں تاجر برادری کی ہڑتال

پاکستان بھر میں تاجر برادری کی جانب سے دوسرے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری رہنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور ملک کے دیگر حصوں میں تاجر تنظیموں کی اپیل پر دوسرے روز بھی کہیں جزوی اور کہیں مکمل ہڑتال ہے۔ ہڑتال کی اپیل آل پاکستان انجمن تاجران اور مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کی تھی۔پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز کراچی اور صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں کہیں جزوی اور کہیں مکمل ہڑتال کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔کراچی میں آج بھی ایم اے جناح روڈ پر واقع مختلف تجارتی مراکز بند ہیں جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، تبت سینٹر، صدر، الیکٹرانکس اور موبائل مارکیٹس میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔متعدد مقامات پر تاجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے بھی دیئے ہیں۔واضح رہے کہ تاجر تنظیموں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو ‘کاروبار مخالف’ کہتے ہوئے انتیس اور تیس اکتوبر کو ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ تاجر تنظیمیں اضافی ٹیکسز کے ساتھ ساتھ پچاس ہزار روپے کے لین دین پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اعلان کیا کہ احتجاج کرنے والے تاجران سے مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا یا کہ تاجروں کے بعض مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں جن میں شناختی کارڈ کی شرط موخر کرنا بھی شامل ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button