شامی کردوں نے بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ 100 دہشت گردوں کو عراق کے حوالے کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شامی کردوں کی جانب سے سو سے زائد دہشت گردوں کو گزشتہ روز عراقی حکام کی تحویل میں دیا گیا ہے۔
یہ تمام دہشت گرد شامی کردوں کی قید میں تھے، جنہیں ربیعہ، نینوی اور الحسکہ بارڈرز کے ذریعے عراقی فوج کے حوالے کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دہشت گردوں میں داعش کے کئی سرکردہ کمانڈر بھی شامل ہیں کہ جنہیں نینوی کی ایک اسپشل جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے عنقریب عراقی حکام دہشت گردوں کے ایک اور گروہ کو بھی اپنی تحویل میں لینے والے ہیں۔
عراق کی پارلیمنٹ میں دفاعی اور سیکورٹی امور سے متعلق کمیشن کے رکن “کاطع الرکابی” نے کہا ہے کہ شام سے داعشی قیدیوں کی عراق منتقلی ، کافی تشویشناک بات ہے اور یہ عراق کے لئے مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں داعشیوں کو تحویل میں لئے جانے سے عراق کے لئے کچھ نئے سیکورٹی مسائل کھڑے ہوسکتے ہيں۔