ایشیاپاکستانہندوستان

چین میں کورونا قابو میں لیکن پاکستان اور ہندوستان میں بے قابو

چین کے ہیلتھ کمیشن نے جمعرات کو ملک میں دوسرے ممالک سے آنے والوں میں کوروناوائرس کے21نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔ جبکہ دنیا کے دیگر ممالک من جملہ ہندوستان اور پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے دوسرے مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ ملک میں کورونا کے 70 کیس رپورٹ ہوئے اس طرح کورونا کے مریضوں کی تعداد307 ہوگئی ہے جس میں سے 4 صحت یاب ہوکر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

وزیرصحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا نے کورونا وائرس سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مردان میں 50 سالہ شخص جب کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 36 سالہ مریض نے دم توڑ دیا، 50 سالہ شخص ایک ہفتے پہلے سعودی عرب سے آیا تھا اوروینٹی لیٹر پرزیرعلاج تھا جب کہ 36 سالہ مریض ہنگو کا رہائشی تھا۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیرمیں ایک کورونا مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا سے 3 افراد کی ہلاکت کے بعد کل دہلی کے صفدرجنگ اسپتال میں ساتویں منزل سے چھلانگ لگاکر کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ ایک مریض نے خودکشی کرلی ۔

جنوب مغربی ضلع ، ڈپٹی کمشنر پولیس کے دیویندر آریہ نے بتایا کہ یہ شخص شام 5.30 بجے ہوائی جہاز AI-301 کے ذریعے سڈنی سے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ سر درد کی شکایت کی وجہ سے کل رات 9 بجے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی آج رات 8 بجے کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے متعلق امور پر قوم سے خطاب کریں گے۔

ادھر بنگلہ دیش میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے باعث 70 سالہ خاتون کی موت کے ساتھ ہی ملک میں موت کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کی تصدیق بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف ایپیڈیمولوجی ، بیماریوں کے کنٹرول اور تحقیق (بی آئی ای ڈی سی آر) نے کی ہے۔

بی آئی ای ڈی سی آر کی ڈائریکٹر میرزادے سبرینہ ​​فلورا نے بتایا کہ 70 سالہ خاتون کی موت کورونا سے متاثرہ شخص کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد ہوئی۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر اسے 11 مارچ کو عالمی وبا قرار دے دیا تھا۔ خیال رہے کہ چین کے صوبے ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہونے والا جان لیوا وائرس کی زد میں دنیا کے 160 سے زائد ممالک آ چکے ہیں اور اس سے متاثر تقریباً 8500 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ اب تک 200،000 سے زیادہ لوگ اس وائرس کی زد میں ہیں۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button