جنرل حسین سلامی نے بدھ کے روز رضاکار فورس بسیج کے ایک پروگرام سے خطاب میں ایران کے ساتھ فوجی تصادم میں دشمنوں کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ایرانی عوام، اسلامی نظام، مذہب اور ثقافت نیز اقتصاد کو نشانہ بنا رکھا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے تاکید کی ہے کہ رضاکار فورس ہر علاقے اور شعبے میں پائمردی کا مظاہرہ کر رہی ہے تاکہ رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت میں ایرانی قوم کے اعلی اقتدار کی حفاظت کی جائے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ رضاکار فورس کسی بھی دشمن سے خوفزدہ نہیں ہے اور رضاکار فورس کے جوان، ایرانی قوم کی عزت و اقتدار کی حفاظت کرتے ہیں اور وہ دشمنوں کی مکمل تباہی تک محاذ پر ڈٹے رہیں گے۔
خیال رہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی اور عالمی سامراجی طاقتوں کے مفادات ختم ہوجانے کے بعد، دشمنوں کی سازشوں اور فتنہ پروری میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا تھا۔ ایسے حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی اور اسلامی انقلاب ایران کے عظیم قائد امام خمینی (رح) نے چھبیس نومبر انیس سو اناسی کو عوامی رضاکار فورس بسیج کی تاسیس کا تاریخی فرمان جاری کیا تھا۔
امام خمینی (رح) کا فرمان ملتے ہی ایران بھر کے نوجوان رضاکارانہ طور پر اپنے ملک پر مسلط کی گئی جنگ میں حصہ لینے کے لیے نکل پڑے اور آٹھ سال تک جاری رہنے والے دفاع وطن کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اسلامی انقلاب کے نوخیز پودھے کو تحفظ فراہم کیا۔