اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے گزشتہ دو روز کے دوران اورماڑا، کوئٹہ اور شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوجیوں پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عوام سے اظہار تعزیت کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہر طرح کی دہشت گردی کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردانہ کارروائیوں کے مرتکبین، منتظمین، معاونین، سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف جاری لڑائی میں خطے کے تمام ممالک کی شراکت کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ کل کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے میں سات ایف سی اہلکار اور قافلے کے سات گارڈ جاں بحق ہو گئے جبکہ دہشتگردی کا ایک اور واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پیش آیا جہاں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 6 فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔