
حزب اللہ لبنان کے کمانڈر کی شہادت پر ایران کا بیان
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے ایک بیان میں صیہونی حکومت کی جانب سے مذموم دہشت گردانہ اقدامات کو غزہ سمیت میدان جنگ میں فوجی شکست پر پردہ ڈالنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے شرّ انگیز اقدامات سے طوفان الاقصی آپریشن اور اس کے بعد تین مہینے سے جاری صیہونی حکومت کی شکست کی تلافی نہيں ہوسکے گی۔
انہوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ کا دائرہ پھیلانے کی کوششوں کی جانب سے سلامتی کونسل سمیت کئی عالمی اداروں کے انتباہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور غرب اردن میں فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور اسی کے ساتھ شام اور لبنان کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی، غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کی واضح مثال ہے اور یہ عالمی اور علاقائی امن و امان کے لئے فوری خطرہ ہے اور یقینی طور پر صیہونی حکومت اور اس کے حامی اس قسم کے دہشت گردانہ اقدامات کے انجام کے ذمہ دار ہوں گے۔