عراق میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ الانبار کے مغربی علاقوں میں ایک بڑی فوجی کاروائی شروع کئے جانے کی خبر دی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ الانبار کے مغربی علاقے ميں بیک وقت چودہ سیکٹرز سے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس کاروائی میں الحشدالشعبی کوعراق کی سرکاری فوج کی معاونت بھی حاصل ہے۔
الحشد الشعبی نے اس سلسلے میں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں مغربی الانبار میں داعش کی باقیات اور بچے کچے عناصر کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
الانبار میں الحشد الشعبی کے آپریشن کمانڈر قاسم مصلح کے مطابق الانبار کے مغربی علاقے میں داعش سے وابستہ عناصر کے پانچ ٹھکانوں کی مکمل نابودی ہمارا ہدف ہے اور زمینی فوج کے ساتھ ساتھ ہمیں عراقی فضائیہ کی بھی مدد حاصل ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ام الوز، ام العوادین، الملصی، سعد ائر بیس اور بنیان سحالی کے محاذوں پر داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی شروع کردی گئی ہے۔