حزب اللہ لبنان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ لبنان پر جارحیت کی صورت میں صہیونی حکومت کے زیر قبضہ تمام شہروں کو اسمارٹ گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا جائے گا۔
حزب اللہ نے اتوار کے روز ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیل اور دیگر مقبوضہ علاقوں کے حساس مقامات کی نشاندھی کر کے خبردار کیا گیا ہے کہ لبنان پر حملے کی صورت میں ان مقامات کو سب سے پہلے نابود کیا جائے گا۔
صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے پچھلے چند روز کے دوران کئی بار لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ سن دوہزار چھے میں لبنان کے خلاف تینتیس روزہ اسرائیلی جارحیت کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد سترہ سو ایک میں صیہونی حکومت کو لبنان کے خلاف ہر قسم کی اشتعال انگیزی کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔
لبنان نے بارہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں سے اسرائیل کے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔