پاکستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، 5 فوجی جاں بحق و زخمی
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے اتوار کی صبح صادق کے وقت ایک چوکی پر راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 فوجی جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ زخمی فوجیوں کو علاقے کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، سکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک بھی کیا ہے۔
قبل ازیں 27 ستمبر کو پیٹرولنگ کے دوران دہشت گردوں اور پیٹرولنگ پارٹی کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن عبداللہ ظفر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 20 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے اسپیل جا گاؤں کے قریب خفیہ اطلاع پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔