صیہونی دہشتگردوں کی یلغار، متعدد فلسطینی زخمی
رام اللہ کے مشرق کے دیہی علاقے کفرمالک، نابلس کے علاقے بیت دجن اور قلقیلیا کے مشرقی علاقے کفر قدوم میں قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت کے دہشتگردوں نے پُر امن فلسطینی مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل داغے اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینیوں نے یہ مظاہرہ جمعے کے روز اسرائیل کی جانب سے صیہونی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پھر بحرین نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ خفیہ تعلقات کو آشکارا کرتے ہوئے سفارتی تعلقات کے قیام کا اعلان کیا ہے اور اسی تناظر میں واشنگٹن جا کر سازشی معاہدے پر دستخط کئے جس کے بعد سے اسرائیل کے ساتھ عرب امارات اور بحرین کے تعلقات کی برقراری کی فلسطینی عوام اور علاقے کے ملکوں کی جانب سے شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔
فلسطینی عوام نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اس اقدام کو قبلۂ اول اور فلسطینی کاز سے غداری قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کو عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے نکال باہر کیا جائے۔