عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ عراق میں جب تک مکمل امن قائم نہیں ہوجاتا اس وقت تک اس کے فوجی اور عراقی سیکورٹی فورس کی ارادۃ النصر فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک کمانڈر ہادی الخراسانی نے کہا ہے کہ الحشد الشعبی کے فوجیوں نے ، ارادۃ النصر نامی کارروائیوں کے اس مرحلے میں عراق کی چھے سو پچاس کلومیٹر سے زیادہ سرحدی پٹی کو اپنے کنٹرول میں لے کر اسے دہشتگردوں کے وجود سے پوری طرح صاف کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی فوجی سرحدی علاقوں میں اختلافات پیدا کرنے اور مغربی عراق کے صوبہ الانبار کے صحراؤں میں موجود داعش کے بعض عناصر کو اکسانے اور ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ الحشد الشعبی کے مذکورہ کمانڈر نے کہا کہ الحشدالشعبی اور عراق کے سیکورٹی اہلکاروں کی فوجی کارروائیاں اس وقت تاک جاری رہیں گی جب تک اس ملک کی سرحدوں پر پوری طرح امن نہیں ہوجاتا ۔ارادۃ النصر نام سے انجام پانی والی ان کارروائیوں کا آغاز سات جولائی سے ہوا تھا اور اب تک ان کارروائیوں کے پانچ مرحلے پوری کامیابی سے انجام پاچکے ہیں۔درایں اثنا بعض خبری ذرائع نے عراقی دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں دھماکے کی خبر دی ہے۔ اسکائی نیوز ٹی وی کے مطابق جمعرات کو گرین زون میں دھماکے کی آوازیں سنی گئیں تاہم ابھی اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔بعض ذرائع ابلاغ نے بغداد کے گرین زون پر دوراکٹ فائر کئے جانے کی خبریں بھی دی ہیں ایک راکٹ ترکی کے سفارت خانے کے قریب اور دوسرا گرین زون کے اطراف میں الحارفیہ پل کے قریب گرا ہے۔ تاہم اس واقعے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ غیرملکی سفارت خانے بغداد کے گرین زون میں واقع ہیں۔ عراق کی وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق پیر اور منگل کو بغداد اور عراق کے بعض صوبوں کے کچھ شہروں کے محلوں میں میں بےروزگاری اور پبلیک سروسز کی نامناسب صورتحال کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے ۔ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے اپنے ملک کے شہریوں کے نام ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی ترجیحات جائز مطالبات کو پورا کرنا ہے اور حکومت شہریوں کے منصفانہ مطالبات پورے کرنے کی کوشش کررہی ہے۔اسی کے ساتھ اطلاعات ہیں کہ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے دارالحکومت بغداد میں کرفیو کا اعلان کر دیا ہے۔ العالم نے رپورٹ دی ہے کہ عراقی وزیراعظم اور اس ملک کی مسلح افواج کے سربراہ نے فرمان جاری کرکے کہا ہے جمعرات کی صبح پانچ بجے سے نامعلوم وقت تک ایمبولینسوں اور ایمرجنسی مریضوں کولے جانے والی گاڑیوں کے سوا تمام افراد اور ہر طرح کی گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی ہے۔