ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں دشمن کی شکست حتمی ہے اور یقینی ہے۔
ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے جنوبی شہر کرمان میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکی صدر ٹرمپ دنیا میں ہرجگہ قوموں کی تحقیر کرتے ہیں کہا کہ سامراجی ذہنیت دشمن کی ذات کا حصہ ہے اور قوموں اور ملکوں کے مفادات کو نظرانداز کرنا دشمن کی شکست کی وجوہات ہیں –
سپاہ قدس کے کمانڈرقاسم سلیمانی نےغیر قانونی حکومتوں پر سرمایہ کاری کو بھی دشمن کی شکست کی ایک اور وجہ قرادیا اور کہا کہ آج علاقے کی بہت سی حکومتیں غیرقانونی اور غیر جمہوری ہیں لیکن یہی سامراجی حکومتیں انسانی حقوق کا دم بھرتی ہیں – انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی استقامتی محاذ اور تحریکوں کی مانند مضبوط مورچہ نہ ہوتا تو صیہونی حکومت ایران کے ساتھ دشمنی کا کوئی بھی راستہ اپنانے سے دریغ نہ کرتی لیکن آج لبنان کے خلاف جنگ میں دشمن دو روز تک بھی نہیں ٹھہر سکتا۔
انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعے سعودی عرب کی تذلیل کئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی اپنی کمزوری اور ناتوانی کی وجہ سے امریکا سے وابستگی ہے لیکن سعودی عرب کو یہ جان لیناچاہئے کہ جب بھی امریکا کو اپنے مفادات خطرے میں نظرآئیں گے وہ سعودی عرب کو نابود کردے گا –
جنرل سلیمانی داعش کی شکست اور عراق سے امریکیوں کو نکال باہر کئے جانے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلام کی طاقت ہے کہ مسلمان قومیں متحد ہورہی ہیں اور دشمن پر غلبہ پارہی ہیں –
اس سے پہلے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بھی جنرل سلیمانی نے قم میں ایک پروگرام سے خطاب کے دوران عراق میں امریکا کی شکست کے بارے میں کہا تھا کہ امریکا نے علاقے میں سات ٹریلین ڈالر خرچ کئے لیکن اس کے باوجود امریکی صدر رات کی تاریکی میں چھپ کر عراق کا دورہ کرتا ہے – ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ امریکی فوجی عراق میں داخل ہوئے تھے لیکن اگر مسلمان متحد نہ ہوتے تو وہ عراق سے اب تک بھی نہ نکلتے –
جنرل سلیمانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوری نظام نے ایران کو طاقت دی ہے کہا کہ سعودی عرب کے پاس ہزار ارب ڈالر زرمبادلہ کے ذخائرہیں لیکن اس کے پاس طاقت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور ہر ملک طاقتور بھی نہیں ہوتا – ان کا کہنا تھا کہ آج ایران اپنی فداکار اور جانباز قوم کے مضبوط عزم و ارادے کی بناپر مقتدر اور طاقتور ہے –