ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ترکی کے شہر انتالیا میں ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے بارہویں اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ ایشین ڈیپلومیسی بین الاقوامی میدان میں سب سے زیادہ فعال ڈیپلومیسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تجارتی جنگ، روس اور ایران پر پابندی، ترکی کے لئے مشکلات کھڑی کرنا اور علاقے کے ملکوں سے غنڈہ ٹیکس کی وصولی یہ وہ مخاصمانہ اقدامات ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ مغربی ممالک خاص طور پرامریکا نہیں چاہتے کہ ایشیا ترقی و کامیابی کی راہ پر گامزن رہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرلاریجانی نے علاقے میں امریکا کے تخریبی اقدامات منجملہ دہشت گردوں کی حمایت اور عدم استحکام پیدا کرنے والی پالیسی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ایشیائی ممالک اپنی تجارت، بیکننگ کے معاملات، سیکورٹی اور فوجی معاہدوں نیز سائنس و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں تعاون کے لئے ایک الگ سسٹم تیار کریں۔
ڈاکٹر لاریجانی نے اس امید کا اظہارکیا کہ ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کی رکن پارلیمانیں ملٹی پولر سسٹم کی حفاظت اور تقویت سے متعلق ایران کی تجویز کی حمایت میں قراردادیں پاس کرکے علاقائی سطح پر افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کی حمایت کے سلسلے میں دیگر ملکوں کو واضح پیغام دیں گی اور ماضی سے زیادہ ملٹی پولر سسٹم کی حمایت کریں گی۔