شام کی وزارت خارجہ نے شمالی شام میں محفوظ زون کے قیام سے متعلق ترک صدر رجب طیب اردوغان کے بیان پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
دمشق سے سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اردوغان کے بیانات اور اقدامات سے پتہ چلتا ہے کہ ترکی کو قبضے اور جارحیت کا چسکہ پڑ گیا ہے۔
شامی وزارت خارجہ نے ترکی کے اقدامات کو اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والے اتفاق رائے کے تحت شمالی شام میں محفوظ زون قائم کیا جائے گا۔
شام کی وزارت خارجہ کے کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی اقتدار اعلی کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا جانے والا کوئی بھی اقدام، شام پر جارحیت اور غاضبانہ قبضے کے مترادف تصور کیا جائے گا۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام کی حکومت ملک کی ارضی سالمیت کا دفاع اور ترکی کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام منہ توڑ جواب دے گی۔