شام کی خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق ادلب صوبے سے اڑان بھرنے والے دہشتگردوں کے 2 ڈرونز کو لاذقیہ صوبے کے الجبلہ علاقے میں سرنگوں کردیا گیا۔
گزشتہ ہفتوں کے دوران دہشتگردوں کی سرگرمیوں کی وجہ سے ادلب صوبے کی صورتحال کشیدہ ہوئی اور اس علاقے پر ترکی کی جارحیت اور ترکی اور شامی فوجیوں کے مابین جھڑپوں نے جاری کشیدگی میں اضافہ کردیا۔
اس سے قبل شامی فوج اور دہشتگردوں کے مابین شدید جھڑپوں کے ساتھ ہی شام کی وزارت دفاع کے ایک ذریعہ نے کہاتھا کہ ادلب کو نو فلائی زون قرار دیا گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ادلب کی فضائی حدود میں ہر قسم کے طیارے، جنگی طیارے اور جاسوس طیاروں کی پرواز ممنوع ہے اور جوکوئی بھی اس کی خلاف ورزی کرے اسے دشمن کا طیارہ سمجھ کر سرنگوں کردیا جائے گا۔
دوہزار گیارہ میں امریکہ، سعودی عرب اور ان کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے حالات کا رخ صیہونی حکومت کے حق میں موڑنے کے لئے شام میں بحران پیدا کیا جس کے بعد شام کی حکومت نے ایران اور روس کی مدد سے ملک میں داعش کا خاتمہ کیا جبکہ دیگر تکفیری دہشتگردوں کی پسپائی اور شکست کا سلسلہ اس وقت جاری ہے۔