عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ الجزیرہ اور صلاح الدین آپریشنوں میں داعش کے تیرہ خودکش دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
عراقی ذرائع کے مطابق الجزیرہ کارروائی کے سیکورٹی اہلکاروں نے اعلان کیا ہے کہ اس کارروائی میں سیکورٹی اہلکاروں نے تین طرف سے آپریشن کیا اور دہشت گردوں کے سترہ خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا جہاں سات گاڑیاں، دس موٹرسائیکلیں اور دھماکہ خیز مواد اور خود کش بیلٹیں بھی تباہ کر دی گئیں۔
صلاح الدین کی کارروائی میں بھی فضائیہ کے تعاون سے تکریت کے مغرب سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا اور وہاں موجود جنگی ساز و سامان بھی تباہ کر دیا گیا۔
عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے موصل میں داعش کے باقی بچے عناصر کا پتہ لگانے کے لئے بھی کارروائی شروع کی اور ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ عراق میں داعش کے خلاف بڑا فوجی آپریشن ختم کئے جانے کا اعلان کیا جا چکا ہے تاہم باقی بچے داعشی عناصر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے رہتے ہیں اور ان کے خلاف عراقی سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔