جمعیت علماء پاکستان کے صدر و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ سیکولراور لادین قوتوں کا مقابلہ علم دین کے ہتھیار سے کیا جائے اورعالم دین بن کر دنیا میں اسلام کے پیغام امن و محبت‘ اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینے اور اسلام کے خلاف زہر اگلنے والوں کا مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ مغربی استعماری قوتیں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں مسلمانوں پر دہشت گردی کا لیبل لگا کر دنیا بھر میں عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور کشمیر‘ فلسطین‘ برما‘ شام‘ عراق‘ لیبیا اور افغانستان میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جبکہ ہندوستان میں مسلمانوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج فلسطین میں ظلم کا راج قائم کئے ہوئے ہے شام‘ اردن‘ لیبیا میں بمباری کر کے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے جبکہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے