سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے بہت سے پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو گلے لگایا، ان کے لیے دعائیں کیں، ان کے ساتھ سوگ منایا اور سیاہ پوست شہری جارج فلوئیڈ کے احترام میں خم ہو کر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق جارجیا ریاست کے مرکزی شہر اٹلانٹا میں پولیس فورس کی ایک پوری صف، احتجاجی مظاہرین کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئي۔ پیر کے روز امریکی ریاست کلوریڈو کے ڈینور شہر کے پولیس چیف پال پازن بھی احتجاجی مظاہرین کی صف میں شامل ہو گئے تھے اور انھوں نے مظاہرین کے بازؤوں میں اپنا بازو بھی ملا دیا تھا۔ نیویارک شہر کے پولیس چیف ٹیرینس موناہن نے بھی اس شہر میں ہونے والے ایک احتجاجی جلسے میں احتجاج کرنے والے ایک شخص کو گلے لگا لیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو امریکی ریاست مینے سوٹا کے مینیا پولس شہر میں ایک سفید فام امریکی پولیس افسر کے ہاتھوں ایک سیاہ فام باشندے کے انتہائي سفاکانہ طریقے سے کیے گئے قتل کے بعد پورے امریکا میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر سیکورٹی فورسز مظاہرین کی بری طرح سے سرکوبی کر رہی ہیں۔