وزارت صحت اور قومی کمیشن کی تدابیر لازم العمل ہیں:رہبر انقلاب
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک تحریری پیغام میں اپنے دفتر کو مخاطب کرتے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے وزارت صحت اور قومی کمیشن کی تدابیر و ہدایات کو ہر کسی کے لئے لازم العمل قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ کورونا سے مقابلے کی قومی رضاکار مہم علمی و سائنسی بنیادوں پر استوار اور دینی، جہادی و انسانی جذبات سے آراستہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛
بسمه تعالی
دفتر! وزیر محترم اور رفقائے کار کی اس وسیع پیمانے پر محنت و مشقت کی قدردانی کی جائے۔ بیماری کی روک تھام کے سلسلے میں وزارت صحت اور قومی کمیشن کی تدابیر ہر کسی کے لئے لازم العمل ہیں۔ کورونا سے مقابلے کی قومی رضاکار مہم جو علمی و سائنسی بنیادوں پر استوار اور دینی، جہادی و انسانی جذبات سے آراستہ ہے، ایک کارآمد مہم اور وہی چیز ہے جو ان شاء اللہ آفات کو نعمت اور خطرات کو مواقع میں تبدیل کر دے گی۔
اللہ تعالی سے مجاہدانہ انداز میں خدمات انجام دینے والوں کے لئے توفیقات اور اجر کی دعا کرتا ہوں۔
15 مارچ 2020
واضح رہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ملک کے اندر 13 ہزار 938 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ متاثرہ افراد میں سے 724 افراد کا انتقال ہوا جبکہ 4 ہزار 790 افراد صحت یاب ہونے میں کامیاب رہے۔