صوبہ سندھ میں دہشتگردی کی سنگین کارروائیوں میں انتہائی مطلوب داعش کے دو دہشت گرد حساس ادارے اور شکارپور پولیس کی کارروائی میں مارے گئے۔
پاکستانی حکام کے مطابق حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے مصدقہ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے ڈھاڈر میں کارروائی کی، جس میں انتہائی مطلوب دو دہشت گرد مقابلے میں مارے گئے۔ مقابلے میں مارے گئے دہشتگردوں کی شناخت کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش پاکستان سندھ کے سرغنہ عبداللہ بروہی اور داعش پاکستان سندھ کے نائب سرغنہ حفیظ پندرانی کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے تھی، دہشتگردوں کے قبضے سے 4 دستی بم، 2 کلاشنکوف اور 2 ٹی ٹی پسٹول برآمد ہوئے۔
مقابلے میں ہلاک پونے والے دہشتگرد سانحہ امام بارگاہ کربلائے معلٰی شکارپور، ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی پر ناکام خودکش دھماکے، حاجن شاہ ماڑی بم دھماکے، تین سال قبل عید الاضحیٰ پر خانپور میں نماز عید کے اجتماع پر ناکام خودکش حملوں اور سہون میں قلندر لعل شهباز درگاہ پر بم دھماکے میں ملوث تھے۔