وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا۪
اور تم سب مل کراللہ کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ تھام لو اور آپس میں تفرقہ مت ڈالو
سورة آل عمران(۱۰۳)
شیعہ و سنی علماء کی تاکید
اسلامی ممالک کی یونین بنانے پر شیعہ و سنی علماء کی تاکید
تقریب اسلامی مذاہب کے سیکرٹری جنرل اور پاکستانی رہنماؤں نے اتحاد امت کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ اسلام کے خلاف مغربی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق ضروری ہے اور ہمیں اس مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے دشمن کی سازشوں اور منصوبوں کیخلاف چوکنا رہنا ہوگا۔
تقریب اسلامی مذاہب کے سیکرٹری جنرل علامہ شہریاری نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو اپنے اختلافات کو بھلانا ہوگا کیونکہ ان کی کامیابی کا واحد راز مسائل اور اختلافات کو ہوا دینے سے گریز کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج مسلمانوں کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ایک دوسرے سے دوری ہے۔ جب کہ ہم ایک مضبوط ہم آہنگی سے اور محاذ آرائی سے اجتناب کے ساتھ “اسلامی ممالک کی یونین” بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ اس وقت اہم ترین کام اتحاد امت ہے۔ ملی یکجہتی کونسل اور ادارہ تقریب مذاہب اسلامی یہی کام انجام دے رہے ہیں اور جو بھی شخص اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش کرے وہ دشمن کا آلہ کار اور قابل نفرت ہے۔
ایران کی رہبر کونسل کے رکن اور ایران کے معروف اہلسنت عالم دین مولانا نذیر احمد سلامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ایک نعمت عظمیٰ ہے۔ کونسل کی کوششوں سے پاکستان میں ہم آہنگی کی فضا کو فروغ ملا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیالیس سال پہلے پاکستان میں بالکل اور طرح کی صورت حال تھی۔ اب جو اتحاد کی فضا اس کونسل کی کوششوں سے دکھائی دے رہی ہے، اس سے میرا دل بہت خوش ہوا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ وحدت ہمیشہ کی ضرورت ہے۔ سید محمد علی حسینی نے حکومت پاکستان اور عمران خان کی اسلامی مقدسات کے تحفظ کے حوالے سے کوششوں کو سراہا۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے لیے ایران کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ تقریب سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، اسلامی تحریک پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، جماعت اسلامی کے ایم این اے عبدالاکبرچترالی، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم، اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب کے صدر ڈاکٹر طارق سلیم، جماعت اہل حدیث کے سیف اللہ خالد، تنظیم اسلامی کے راہنما قاری ضمیر اختر، جامعۃ المصطفیٰ کے ڈائریکٹر اور وفاق المدارس شیعہ کے سیکرٹری جنرل علامہ انیس الحسنین خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔