ایرانمشرق وسطی

آیت اللہ شاہرودی کی نماز جنازہ

مصلائے امام خمینی (رہ) میں مرحوم آیت اللہ شاہرودی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

رہبرمعظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید خامنہ ای کی امامت میں آج صبح مرحوم آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی نماز جنازہ مصلائے امام خمینی(رح) تہران میں ادا کی گئی جس میں صدر مملکت حسن روحانی، پارلیمنٹ کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ، اعلی حکام، علمائے کرام، اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات اور اسی طرح عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تہران میں نماز جنازہ کے بعد مرحوم آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کے جسد خاکی کو قم منتقل کیا جائے گا اور قم میں بعد از ظہرتشیع جنازہ کے بعد مرحوم کو حضرت معصومہ (س) کے حرم مطہرمیں سپرد خاک کیا جائےگا۔

دوسری جانب مرحوم آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی وفات پر تسلیت و تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور دوسرے ممالک کی طرح پاکستان سے بھی تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ شاہرودی کے انتقال پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا.

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی وفات انقلاب اسلامی اور جمہوری اسلامی کیلئے بڑا نقصان ہے. مرحوم، حضرت امام خمینی (رح) کی قیادت سے لے کر رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید خامنہ ای کی قیادت تک انقلاب اسلامی کے صف اول کے مدافع رہے.

واضح رہے کہ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے چیئرمین آیت الله ہاشمی شاہرودی کا پیر کے روز70 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا.

آیت الله ہاشمی شاہرودی 1948 میں نجف اشرف میں پیدا ہوئے. آیت الله ہاشمی شاہرودی کئی سال تک نگہبان کونسل کے رکن رہے، جبکہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے انہیں عدلیہ کا سربراہ منتخب کیا اور وہ 1999 سے 2009 تک عدلیہ کے سربراہ کے عہدے پر فائز رہے.

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button