مشرق وسطییمن

سعودی آئیل کمپنی آرامکو پر یمنی فوج کا ڈرون حملہ _ ( تفصیلی خبر)

جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی علاقے عسیر میں فوجی مراکز اور سعودی تیل کی سرکاری کمپنی آرامکو پر یمنی افواج نے ڈرون اور میزائلی حملے کئے ہیں۔

یمنی فوج نے سعودی عرب کی نیشنل آئیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان یحیی السریع نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں آرامکو آئیل کمپنی پر یمنی فوج کے ڈرون حملے کی تفصیلات جلد ہی جاری کردی جائیں گی۔
ہفتے کی صبح سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ نے ملک کے مشرقی علاقے میں آرامکو آئیل کمپنی کی تنصیبات میں دھماکے اور آتشزدگی کی خبرنشر کی تھی۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ مشرقی سعودی عرب میں آرامکو کمپنی کے دو کارخانوں پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق یمن کے ڈرون حملوں کا نشانہ بننے والے آرامکو کے یہ دونوں کارخانے مشرقی سعودی عرب کے علاقے بقیق اور ہجرہ خریص میں واقع ہیں۔
سوشل میڈیا پر جو ویڈیو کلیپس گردش کررہی ہیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آرامکوکمپنی کے دو پلانٹ کے اوپر فضا میں غلیظ دھوئیں کے بادل چھائے ہوئے ہیں اور آگ کے شعلے بلند ہیں اورساتھ ہی فائرنگ کی بھی آوازیں بھی آرہی ہیں۔
سعودی عرب کی نیشنل آئیل کمپنی آرامکو دنیا کی سب سے بڑی آئیل کمپنی ہے جس کی آمدنی میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بارہ فیصد کمی واقع ہوگئی ہے۔

عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے آرامکو کی آمدنی چھیالیس اعشاریہ نوارب ڈالر تھی۔
دوسری جانب یمنی فوج نے جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر کے اندر فوجی اڈوں پر زلزال بیلیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
یہ حملہ صوبہ عسیر کے علاقے البواب الحدید میں واقع فوجی اڈوں پر کیا گیا۔اس حملے میں جارح سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے ایک اور خبر میں کہا ہے کہ یمن کے صوبہ حجہ میں جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کی جوابی کارروائیوں میں درجنوں جارح فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
یمنی فوج نے حرض کے علاقے میں بھی سعودی فوجیوں کی ایک گاڑی پر حملہ کرکے اسے تباہ کردیا۔اس درمیان یمنی فوج کے ایک اسنائپر نے جارح سعودی اتحاد میں شامل آٹھ فوجیوں کو ہلاک کردیا۔
اس سے پہلے جمعے کو بھی یمنی فوج کے ڈرون اور توپخانے کے حملوں میں تیس سے زائد سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔
یمنی فوج آئے دن سعودی عرب کے اندر جارح اتحاد کے فوجی اڈوں کو ڈرون اور میزائلی حملوں کا نشانہ بناتی ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button