اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے امریکہ کے دشمنانہ اقدامات کے مقابلے میں ہوشیاری اور تدبر سے کام لینے اور اقدام کرنے پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے آج صبح پارلیمنٹ کے عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے حالیہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کی مزاحمت اور مقاومت کی وجہ سے دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوا تاہم ہمیں اس قسم کی سیاسی اور قانونی جنگ میں امریکہ کی شکست پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے کیوں کہ دشمن بعض غفلتوں کی وجہ سے پابندیوں کو سخت سے سخت اور پابندیوں کو نئی شکل دینے کی کوشش کرے گا۔
محمد باقر قالیباف نے 3 نومبر کو امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کیلئے یہ بات اہمیت نہیں رکھتی کہ امریکہ میں کون صدر بنتا ہے اس لئے کہ ایرانی عوام کو نقصان پہنچانے کیلئے امریکہ کی اصل پالیسی میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔