فلسطینی گروہوں نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اقدام کو ملت فلسطین اور فلسطینی کاز سے خیانت قرار دیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے صیہونی حکومت کے ساتھ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو معمول پر لانے کے سمجھوتے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سمجھوتے سے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں ملت فلسطین کی جدوجہد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملت فلسطین غاصب صیہونیوں کے خلاف اپنی جدوجہد کا سلسلہ اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک اس کے حقوق پوری طرح بحال نہیں ہو جاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اس طرح کے سمجھوتوں سے بھی نمٹیں گے جو متحدہ عرب امارات اور بحرین نے کئے ہیں۔