مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز پاکستان کے شہر پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے واقعے پر پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید ہونے والوں کے لیے رحمت الہی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک بار پھر ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مذمت کرتا ہے اور ان غیر انسانی کارروائیوں کی تمام شکلوں کے خلاف لڑنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
کنعانی نے اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینے والوں، سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف مؤثر طریقے سے لڑنے کے لیے خطے کے تمام ممالک کے تعاون پر زور دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے شہر پشاور کی پولیس لائنز کی پرہجوم مسجد میں پیر کو ہونے والے خودکش بم دھماکے میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
#peshawar