یمن بدترین بھوک مری سے روبرو ہے، اقوام متحدہ سعودی محاصرہ ختم کرائے: علی الحوثی
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے اقوام متحدہ سے امریکی و سعودی محاصرے کو ختم کرانے کی اپیل کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن اور انقلابی کمیٹی کے چیئرمین محمد علی الحوثی نے یمن میں بھوک مری کے بحران اور اس ملک کے عوام کے لئے امداد رسانی کے فقدان کے تعلق سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوٹرش کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یمن کو دنیا کی بدترین بھوک مری کا سامنا ہے اور اس ملک میں بحران میں شدت پیدا ہونے کی وجہ امداد میں سخت کمی اور اس ملک کے اقتصاد کی بیرونی حمایت میں ناکامی رہی ہے۔
محمد علی الحوثی نے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور بین الاقوامی اداروں کے حکام کے ایک مشترکہ اجلاس کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یمن کا محاصرہ ختم کرانے کی راہ میں رکاوٹ کا جائزہ لیا جائے اور اس کے خاتمے کے لئے عملی راہ حل تیار کیا جائے۔