شکست جارح سعودی اتحاد کا مقدر : انصاراللہ
ہمارے نمائندے کی آج کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے مرکزی رہنما محمد البخیتی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یمن کے مہاجرین کی مظلومیت، جنگ اور محاصرے سے کم تر نہیں ہے اس لئے کہ انھیں نہ فقط ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے بلکہ ان کا ذریعہ معاش بھی ان سے چھن گیا ہے جو ان کے اموال کے غارت ہونے کا بھی باعث بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمنی سعودی عرب پر فتح حاصل کر لے گا اور جو یمنی اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں وہ جلد ہی اپنے گھروں کو لوٹ آئیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور بعض دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جنگ کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔چھے سال سے زائد عرصے سے یمن کے خلاف جاری اس غیر قانونی جنگ اور سعودی جارحیت کے نتیجے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔