شام کے وزیر خارجہ نے دمشق میں پناہ گزینوں کے امور میں ہائی کمشنر فلیپ گرینڈی سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی برادری سے شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے لئے حالات سازگار بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ولید المعلم نے شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی میں شام کی حکومت کی جانب سے سہولیات فراہم کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق کی حکومت نے شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی میں پیدا کی جانے والی مشکلات کےباوجود ترک وطن کرنے والے شامی شہریوں کو وطن واپس لوٹنے کی دعوت دیتے ہوئے ان کی وطن واپسی میں سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس ملاقات میں فلیپ گرینڈی نے بھی شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی میں حکومت شام کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اس سلسلے میں حکومت شام کی مدد کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔