فلسطینمشرق وسطی

منامہ کانفرنس اور سینچری ڈیل کے خلاف غزہ میں عام ہڑتال

منامہ کانفرنس اور سینچری ڈیل کے خلاف غزہ کے فلسطینیوں نے عام ہڑتال شروع کر دی ہے۔

ملی اور اسلامی تنظیموں کی اپیل پر کی جانے والی اس ہڑتال کے موقع پر اہم دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں اور مختلف علاقوں میں مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
حق واپسی مارچ کی قومی کمیٹی نے بھی فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل کی رات ہونے والے دھرنے اور دیگر پروگراموں میں بڑھ چڑ کر حصہ لیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ غاصب صہیونی فوجیوں نے غزہ کے علاقے العودہ کے پناہ گزین کیمپ میں سینچری ڈیل اور منامہ کانفرنس کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کو آنسو گیس کے گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی فوجیوں کے حملے میں مظاہرہ کرنے والے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مظاہرین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور منامہ کانفرنس میں شریک عرب حکمرانوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
درایں اثنا بحرین کی شاہی حکومت نے اندرون ملک منامہ کانفرنس اور سینچری ڈیل کی مخالفت میں ہر قسم کے مظاہروں اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکومت بحرین نے منامہ کانفرنس اور سینچری ڈیل کے خلاف مظاہروں اور احتجاج پر پابندی ایسے وقت میں عائد کی جب بیس صیہونی صحافی، شاہ بحرین کی خصوصی دعوت پر منامہ کانفرنس کی کوریج کے لیے بحرین پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی ریاست سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے سوشل میڈیا پر منامہ کانفرنس اور شدید ترین حفاظتی انتطامات کے حوالے سے مختلف پوسٹیں بھی شائع کی ہیں۔
لبنان، عراق، چین اور روس سمیت بہت سے اسلامی اور غیر اسلامی ملکوں نے بحرین کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بحرین میں منگل سے شروع ہونے والی دو روزہ اقتصادی کانفرنس کو امریکہ کے تیار کردہ ناپاک منصوبے پر عملدرآمد کا پہلا مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت بعض عرب ملکوں کے تعاون سے تیار کیے جانے والے ناپاک امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کے تحت بیت المقدس صیہونی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا، فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے وطن واپس لوٹنے کا حق نہیں ہوگا اور فلسطین، صرف غرب اردن اورغزہ کے کچھ علاقوں تک ہی محدود رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button