سید عباس موسوی نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں غلامی کے زمانے سے لے کر اب تک امریکی معاشرے کے ایک رکن پر ہو رہے مظالم اور امتیازی سلوک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عوام، اپنی مظلومیت کی آواز، جسے صدیوں سے دبا کر رکھا گيا تھا، اس وقت پوری طاقت سے اٹھا رہے ہیں۔
انھوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی، دیگر ملکوں کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت پر استوار ہے، کہا کہ امریکا کے حالیہ واقعات میں اس ملک کے ایک طبقے کے خلاف ناانصافی، ظلم اور امتیازی رویے کی انتہا کو دیکھا جا سکتا ہے، بنابریں یہ نہیں ہو سکتا کہ ایران، ایک انصاف پسند اور خود مختار نظام کی حیثیت سے مظاہرین کی پکار نہ سنے اور امریکا میں برسوں سے ظلم و ستم کی چکّی میں پس رہے لوگوں کے حقوق کو پامال ہوتا ہوا دیکھتا رہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح امید ظاہر کی ہے کہ ظلم کے خلاف امریکی عوام نے جو آواز اٹھائي ہے، اس کا ضرور نتیجہ نکلے گا اور انسانی حقوق کے دفاع کا دعوی کرنے والے امریکی حکام، کم از کم ان نعروں پر ضرور عمل کریں گے جو وہ خود لگاتے رہے ہیں۔ سید عباس موسی نے کہا کہ امریکی حکومت، عوام کو آزاد چھوڑ دے اور انھیں سانس لینے دے۔
یاد رہے کہ پچیس مئي کو امریکا کے ایک سفید فام پولیس افسر نے ایک سیاہ فام شہری کو بڑی بے دردی اور سفاکی سے قتل کر دیا تھا جس کے بعد سے پورے امریکا میں نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔