ایشیاپاکستاندنیا

کراچی میں شدید بارشیں اور سیلاب، معمولات زندگی مفلوج

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بارش سے برساتی نالے ابل پڑے ہیں اور ندیوں میں طغیانی کے باعث سیلابی پانی آس پاس کے علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد کسی ایک مقام پر اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ بارش ہونے کا چھتیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

صوبائی حکومت نے کراچی سمیت سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے جس میں فوجی دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل باجوہ نے بھی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ کراچی میں امدادی کاموں میں حصہ لے۔ کئی علاقے خالی کرالیے گئے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر اندرون سندھ میں شدید بارشوں کے باعث متعدد شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور گڈو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی ہے اور قلات میں بارشوں کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

قلات اور ہرنائی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سے چارسو سے زائد افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع اور خاص طور سے کراچی میں بارشوں کا یہ سلسلہ جمعرات کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button